انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ بڑھانااز حد ضروری ہے۔ سردار یاسر الیاس خان

 
0
166

ایف بی آر کا سسٹم کام نہیں کر رہا تھا۔ کرونا کے اثرات بھی موجود ہیں 

اسلام آباد 09 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ 8دسمبر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی لیکن ایف بی آر کا سسٹم بہتر کام نہیں کر رہا تھا جس وجہ سے بہت سے ٹیکس دہندگان کو آن لائن ریٹرن فائل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر میں اضافے کی وجہ سے ٹیکس ریٹرن تیار کرنے والے زیادہ تر ٹیکس ماہرین بھی ٹیکس دہندگان کو گوشوارے تیار کرنے کیلئے اپنی خدمات فراہم کرنے سے قاصر رہے ہیں۔اس کے علاوہ گذشتہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار تقریبا تباہ ہو چکے تھے اور زیادہ تر تاجر برادری کو بجلی کے بل، دکانوں کے کرایے اور ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کرنے میں شدید مشکلات درپیش تھیں۔ ان حالات میں ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع وقت کی اہم ضرورت تھی۔

سردار یاسر الیاس خان نے مزید کہا کہ 22کروڑ کی آبادی میں سے 8دسمبر تک تقریبا 17 لاکھ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کئے گئے جبکہ گذشتہ برس ان کی تعداد 27لاکھ تھی اس طرح اس سال تقریبا 37فیصد کم ٹیکس ریٹرن فائل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک فائلرز کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک کے معاشی حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کے تقریبا 80لاکھ کمرشل کنکشن موجود ہیں اور بجلی کے بلوں میں ایڈوانس ٹیکس کی کٹوتی بھی کی جاتی ہے لیکن صرف 17لاکھ انکم ٹیکس ریٹرن کا فائل ہونا حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس بجلی کنکشنوں کا ریکارڈ موجود ہے لہذا اس سے فائدہ اٹھا کر ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے۔ 

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر محترمہ فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ تاجر برادری کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے کر ٹیکس امور کے بارے میں فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کر کے تاجر برادری کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔