دنیا کا ہر مذہب خدمت کے جذبے کی قدر کرتا ہے،سی ڈی اے کے ورکر، ملازم اوراسٹاف کو صبح سویرے اپنے فرائض سرانجام کرتے دیکھ کر دل خوش ہوجاتاہے، چیئرمین سی ڈی اے

 
0
205

اسلام آباد 19 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): چیئرمین وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )نے کہا ہے کہ دنیا کا ہر مذہب خدمت کے جذبے کی قدر کرتا ہے،سی ڈی اے کے ورکر، ملازم اوراسٹاف کو صبح سویرے اپنے فرائض سرانجام کرتے دیکھ کر دل خوش ہوجاتاہے۔ ہم آپ کے مسائل سے بھی بخوبی آگاہ ہیں، ان کو حل کرنے کی پوری کوشش بھی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین آفس میں کرسمس کی خصوصی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز سمیت بڑی تعداد میں افسران و اسٹاف نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران ملک و قوم کی سلامتی اور کرونا سے نجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے کہا کہ کرونا کے باعث سب ہی مشکلات سے دوچار ہیں، وسائل کی کمی اور مسائل کا سلسلہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حالات کچھ بھی ہوں پراس شہر کی صفائی،بیوٹیفکیشن اور انفرااسٹر کچر کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے علی الصبح سی ڈی اے کی ٹیمیں اوراسٹاف سڑکوں، گلی محلوں میں کام کرتی دکھائی دیتی ہیں، جنھیں دیکھ کر دل خوش ہوجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ دنیاکا ہرمذہب خدمت کی تلقین کرتا ہے،ہم نے محنت کرنی ہے،اور محنت سے ہی کامیابی حاصل کرنی ہے۔مجھے خوشی ہوتی ہے جب کوئی کہتا ہے اسے سی ڈی اے کاعملہ کام کرتا دکھائی دیتا ہے۔اس تعریف کی مستحق سی ڈے انتظامیہ یا ہمارے بورڈ ممبران نہیں بلکہ سی ڈی اے کے ملازمین اور آپ ورکرز ہیں جو دن رات شہر کی گلی محلوں،سڑکوں اورچوک شاہراہوں کی صفائی،خوبصورتی ،سڑکوں کی مرمت،بحالی، کارپٹنگ، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی سمیت شہر کی بیوٹیفکیشن اورانفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ وسائل اور مسائل کا ذکر ہمیشہ سے چلتا رہا ہے اور آگے بھی چلتا رہے گا،یہ کھبی ختم نہ ہونے والا سلسلہ ہے۔لیکن جو وسائل ہمارے بس میں ہے ان میں رہتے ہوئے پوری کوشش ہوتی ہے کہ ہم آپ کے مسائل کو فوری حل کریں۔ہم آپ کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ،کوشس ہے کہ آپ کےمسائل کے حل میں مزید بہتری لائیں ۔چیئرمین نے کہا کہ کرونا کے تناظر میں آپ کی تنخواہوں میں کچھ اضافہ کیا گیا ہے،میں مانتا ہوں کہ یہ کوئی بہت زیادہ اضافہ نہیں ہے،ہم اس میں مزید اضافہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صرف کرسمس پرہی نہیں ہم ویسے بھی گاہے بگاہے اکٹھے ہوتے رہیں گے،تاکہ آپ کے مسائل کومزید بہتر انداز سے حل کرسکیں۔