کرسمس محبت کاپیغام ہے،مسیحی محب الوطن پاکستانی ہیں،کرسمس کے موقع پرتمام مسیح برادری کو مبارکباد دیتا ہوں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

 
0
188

اسلام آباد 23 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرسمس محبت کاپیغام ہے،مسیحی محب الوطن پاکستانی ہیں،کرسمس کے موقع پرتمام مسیح برادری کو مبارکباد دیتا ہوں،تمام چیف سیکرٹریز کو کہتا ہوں گرجا گھروں کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نےگزشتہ روز وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )میں کرسمس کے موقع پر منعقدہ خصوصی کیک کٹنگ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، بورڈ ممبرز،ڈائریکٹرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں مسیح برادری کو پاکستان کا سب سے وفادار شہری سمجھتا ہوں،میں سب میسح برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو حکم دیتا ہوں کہ گرجا گھروں کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلا ایک اہم پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سات دن کے اندر پاکستان میں پیڑول کی سمگلنگ ختم کرنے کا حکم دیتا ہوں کیونکہ پانی ملا اور ملاوٹ شدہ اس پیٹرول سے نہ صرف گاڑیوں کی تباہی ہو رہی ہے بلکہ قومی خزانے کو دو بلین ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھاناپڑ رہا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر نے موبایل سمگلنگ کا کاروبار روک کر قومی خزانے کو بہت فایدہ پہنچایا ہے ، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے حکم دیا ہے جہاں بھی پورے پاکستان میں چوری اور سمگلنگ کا پیٹرول فروخت ہو رہا ہے اس کو بند کیا جائےورنہ سمگل شدہ پیٹرول فروخت کرنے والے پیٹرول پمپس کو بند کردیا جائے گا،اور کبھی دوبارہ پمپ کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تقریب کے آغاز پر پرسکلا یونس اور اینجلانے وفاقی وزیرشیخ رشید احمد اورچئیرمین سی ڈی اے کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔