کابل میں کار بم دھماکہ، 26 افراد ہلاک اور50سے زائد زخمی

 
0
1549

کابل  جولائی24(ٹی این ایس): افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور50سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جن میں کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ‘حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔افغان وزرات داخلہ کے ترجمان نے دھماکے میں مرنے والوں اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق کی۔ترجمان نجیب دانش کے مطابق بارود سے بھری گاڑی وزارت کان کنی کے ملازمین کو لے کر جانے والے بس سے جا ٹکرائی ۔

ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش نے کہا کہ صبح سویرے رونما ہونے والے اس حملے کا حدف تاحال واضح نہیں ہوسکا ہے۔اس سے قبل وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح کا کہنا تھا کہ اب تک26 لاشیں جبکہ50کے قریب زخمی افراد کو کابل کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ کابل کے مغربی حصے میں کئی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں جنہیں ماضی میں بھی حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

دھماکے کے قریبی علاقے میں معروف سیاستدان اور سابق جنگجو محمد محقق کا گھر بھی واقع ہے بم دھماکا محمد محقق کے گھر کے نزدیک قائم پہلے چیک پوائنٹ پر ہوا جس میں کچھ شہری زخمی و ہلاک ہوئے۔انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ دھماکے سے بھری گاڑی کا حدف سیاستدان کا گھر تھا تاہم گارڈز نے ایسا ہونے سے روک لیا۔دوسری جانب تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ افغان دارالحکومت میں خودکش حملوں اور دھماکوں کا رونما ہونا معمول ہے، اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق 2017 کی ابتداءمیں کل شہریوں کی ہلاکت کا پانچواں حصہ کابل کے ہلاک ہونے والے شہریوں پر مشتمل تھا۔

16 جون کابل کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں بھی 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے جبکہ رواں سال مئی میں افغان دارالحکومت میں ہونے والا ٹرک بم دھماکا 150 سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بنا تھا۔