اسلام آباد 31 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے کرک میں مندر جلانے کا نوٹس لے لیا،کیس کی سماعت5جنوری کو مقرر کردی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزاراحمد سے ہندوکونسل کے پیٹرن ان چیف رمیش کمار نے ملاقات کی اورہندوکونسل کے رہنما نے چیف جسٹس کو کرک میں مندر جلانے کے واقعہ سے متعلق بات چیت کی۔جس پر چیف جسٹس نے کرک میں ہندو مندر جلائے جانے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیااور ہدایت کی کہ اقلیتی حقوق کے لئے ایک رکنی کمیشن بنایا جائے ۔بعدازاں چیف جسٹس نے 5 جنوری کو کرک میں مندر جلانے کا کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیااور چیف سیکریٹری اور آئی جی کے پی کو 4 جنوری کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیدیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مشتعل ہجوم نے ایک ہندو بزرگ کی سمادھی (مزار)میں توڑ پھوڑ کی اور اسے نذر آتش کردیا۔واقعہ کرک کے دور دراز علاقے ٹیری ٹان میں پیش آیا جہاں ہجوم نے نعرے لگاتے ہوئے سمادھی کی عمارت کو منہدم کرنے سے قبل اسے نذر آتش کیا۔