پاکستان تحریک انصاف نے غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں

 
0
597

اسلام آباد جولائی 24 (ٹی این ایس) : پاکستان تحریک انصاف نے غیرملکی فنڈنگ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں۔سپریم کورٹ میں 700 سے زائد صفحات پر مشتمل جواب میں تحریک انصاف نے حنیف عباسی کے ممنوعہ و غیرملکی فنڈنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔ تحریک انصاف نے اپنے جواب میں کہا کہ اس کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے اور پارٹی کے اکاﺅنٹس کا آڈٹ ماضی کا حصہ بن چکا ہے، تمام تفصیلات عدالت کو فراہم کر دی ہیں، شفافیت کے لئے بیرون ملک فنڈ ریزنگ کی گئی۔

تحریک انصاف نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے بھی بیرون ملک فنڈ ریزنگ کی ہے لیکن تفصیلات فراہم نہیں کیں، یہ الزام لگا کر پاکستان کی اقلیتی برادری کے منہ پر طمانچہ مارا گیا کہ پی ٹی آئی نے غیرمسلموں سے ممنوعہ اور غیرملکی فنڈنگ لی، درحقیقت تحریک انصاف نے دوہری شہریت رکھنے والوں سے فنڈز اکٹھے کیے، پی ٹی آئی کی فارن ایجنٹ کمپنی کو ذرائع سے ملنے والے فنڈ ممنوعہ یا غیرملکی نہیں۔ پی ٹی آئی نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ حنیف عباسی کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں اور انہوں نے اپنے الزامات ثابت کرنے کے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیئے۔