جن لوگوں نے مندر کو جلایا ان سے پیسے نکلوائیں، چیف جسٹس

 
0
253

اسلام آباد 05 جنوری 2021 (ٹی این ایس): چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ کرک میں مندر جلانے والے زمہ داروں سے پیسے نکلوائے جائیں تاکہ ایسا کام دوبارہ نہ ہو۔سپریم کورٹ میں کرک میں مندر جلائے جانے سے متعلق از خود نوٹس کیس پر سماعت ہوئی۔ آئی جی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے آئی جی خیبر پختونخوا سے استفسار کیا کہ پولیس چوکی قریب ہونے کے باوجود واقعہ کیسے ہو گیا ؟ ایجنسیاں اس وقت کیا کر رہی تھیں جب اتنے لوگ جمع ہوئے ؟

آئی جی نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے پر ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت ڈیوٹی پر مامور 92 اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پولیس اہلکاروں کو صرف معطل کرنا کافی نہیں، واقعے سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔ جن لوگوں نے مندر کو جلایا ان سے پیسے نکلوائیں کریں۔

عدالت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تمام تصاویر دنیا بھر میں پھیل چکی ہیں۔ مندر کی تعمیر کے لیے مولوی شریف سے پیسے نکلوائے جائیں کیونکہ جب تک ان لوگوں کی جیب سے پیسے نہیں نکلیں گے یہ دوبارہ یہی کام کریں گے۔

چیئرمین اقلیتی کمیشن شعیب سڈل نے کہا کہ واقعہ سے پورے ملک کی بدنامی ہوئی ہے اور خیبر پختونخوا متروکہ وقف املاک نے مندر کی جگہ کا تحفظ نہیں کیا۔