وزیراعظم عمران خان کوئٹہ روانہ ہوگئے

 
0
218

اسلام آباد 09 جنوری 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کوئٹہ روانہ ہوگئے ، جہاں وہ 10شہیدکان کنوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کردیا اورسانحہ مچھ کے شہدا کی تدفین ہوتے ہی کوئٹہ روانہ ہوگئے ، عمران خان کےہمراہ وزیرداخلہ شیخ رشیدبھی کوئٹہ روانہ ہوئے۔

کوئٹہ میں عمران خان10 شہید کان کنوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت کریں گے جبکہ وزیراعظم کو سانحہ مچھ سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
خیال رہے وفاقی وزیرعلی زیدی، معاون خصوصی زلفی بخاری پہلے سے کوئٹہ میں موجود ہیں۔

اس سے قبل سانحہ مچھ میں شہید کان کنوں کی نمازجنازہ ادا کرکے ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں تدفین کردی گئی، نمازجنازہ میں وفاقی وزیرعلی زیدی ،زلفی بخاری اورڈپٹی اسپیکرقاسم سوری سمیت صوبائی وزرا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گذشتہ رات ہزارہ برادری کے دھرنے میں منتظمین سے حکومتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے اور دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد منتظمین نے پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومتی وفد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہزارہ برادری سے کیا ہوا ہر وعدہ پورا کریں گے، جبکہ شہدا کے لواحقین نے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں وزیر اعظم آ کر مظلوموں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مذاکرات کے بعد خطاب میں کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان لواحقین کے پاس آئیں گے اور ان کے مسائل سنیں گے، آرمی چیف بھی جلد ہزارہ برادری سے ملاقات کریں گے، اور بلوچستان میں سیکورٹی کی بہتری کے لیے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔