اسلام آباد 14 جنوری 2021 (ٹی این ایس): پارلیمنٹ ہاوس بھی ڈرگ مافیا کے نشانے پر ،پارلیمنٹ ہائوس کی ڈسپنسری سے پارلیمنٹرین کو شوگر کی غیر معیاری انسو لین دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، ڈریپ کے انسپکٹرکا ڈسپنسری پر چھاپہ، انسولین فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیمپل حاصل کر لئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ مافیا سے پارلیمنٹ ہاوس بھی محفوظ نہیں رہ سکا ۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس کی ڈسپنسری سے پارلیمنٹرین کو شوگر کی دی جا رہی انسولین غیر معیاری نکلی جس پر ڈریگ ریگو لیٹری اتھارٹی ڈریپ کے انسپکٹر نے پارلیمنٹ کی ڈسپنسری پر چھاپہ مار کر تمام انسولین کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کر دی ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کی طرف سے معاون خصوصی صحت اور سیکرٹری وزارت کو پارلیمنٹ ہائوس ڈسپنسری کو سپلائی کی جانے انسولین کے غیر معیاری ہونے بارے آگاہ کیا گیا تھا، نور عالم خان کی شکایت پر ڈریپ انسپکٹر کی طرف سے کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ ڈریپ انسپکٹر نے ڈسپنسری سے شوگر کے لیے استعمال ہونی والی انسولین کے سمپل بھی حاصل کر لئے جنہیں ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری کو بھجوا دیا گیا ۔