سپریم کورٹ کے احکامات ،یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ،متعدد تجاوزات کا خاتمہ کردیاگیا

 
0
288

کراچی جولائی24(ٹی این ایس)سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ زاہد بن خلیل کی زیر نگرانی یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن میں متعدد تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آپریشن تمام مشینی و افرادی قوت کی مدد سے کیا گیا جس میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دکانوں کے باہر کی اضافی جگہ کو مسمار کرکے روڈ کو کلیئر کیا گیاجبکہ دکانوں کے باہر نکلے ہوئے شیلٹرز اور غیر قانونی تعمیرات بھی توڑدی گئیں ، اس موقع پرتمام متعلقہ اداروں کے حکام اور پولیس و رینجرز موجود تھی ۔ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ زاہد بن خلیل نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کے آرڈرز پر عمل درآمد کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی ہدایت کے تحت تمام دکانداروں کو تحریری طور پر باور کرانے کے بعد آپریشن کیا گیا ہے جسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھ کر تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کے بعد دوبارہ سے انکروچرز نے جگہ گھیر کر نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر بھی خراب کر رہے ہیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ کے آرڈرز پر بلدیاتی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیا ، علاوہ ازیں انہوں نے تمام دکانداروں کو تنبیہ کی کہ وہ ایک دن کے اندر اندر تمام تجاوزات کا از خود خاتمہ کردیں اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلدیاتی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ، اس موقع پر مشتعل افراد نے بلدیاتی انتظامیہ پر حملہ کیا جسے وہاں پر موجود پولیس و رینجرز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا