ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ولایت کمپلیکس کی متعدد غیر قانونی کمرشل تعمیرات کو سیل کر دیا گیا

 
0
391

راولپنڈی 12 مارچ 2021 (ٹی این ایس): ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ولایت کمپلیکس کی متعدد غیر قانونی کمرشل تعمیرات کو سیل کر دیا۔

بحریہ ٹاون فیز 7 سے ملحقہ، ن لیگ کے سابق سینیٹر چوہدری تنویر کے شارع عام پر بنائے گئے ولایت کمپلیس کے خلاف آر ڈی اے کا آپریشن۔ آر ڈی اے نے شارع عام اور رفاہ عامہ کی جگہوں پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات اور نجی سکول ویسٹ منسٹر سکول کو بھی سیل کر دیا۔

آپریشن کی نگرانی ضلعی انتظامیہ، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے کی۔

ضلعی انتظامیہ اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اس سے قبل بھی راولپنڈی بھر میں سرکاری زمین پر تعمیر شدہ و غیر قانونی تعمیرات کے خلاف متعدد آپریشن کر چکی ہے۔

اسی موضع کوٹھہ کلاں میں سینکڑوں کنال سرکاری زمین خسرہ 2479/1 (شارع عام) پر غیر قانونی قبضہ اور اس پر ولایت کمپلیکس کی غیر قانونی تعمیر اور دریائے سواں کی سرکاری زمین خسرہ 2496 پر غیر قانونی قبضہ و فروخت سے متعلق پنجاب اسمبلی میں لیگی ایم پی اے اسوہ آفتاب 2 دسمبر 2020 کو سوال نمبر 6015 اٹھا چکی ہیں اور ایم پی اے عابدہ بی بی 3 ستمبر 2020 کو پنجاب اسمبلی میں قرارداد پیش کر چکی ہیں۔

سابقہ ادوار میں بھی ریونیو افسران/ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی پر تجاوزات کی ریونیو کے افسران کی جانب سے رپورٹس مرتب کی گئی لیکن سیاسی دباؤ کی وجہ سے کوئی کارروائی نہ کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے 5 دسمبر 2020 کو ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کو ولایت کمپلیکس کے خلاف ریفرنس کے لیے خط لکھا تھا جس میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی پر قبضہ، غیر قانونی تعمیرات، سرکاری زمین و اوور ہیڈ واٹر ٹینک کی زمین پر ویسٹ منسٹر سکول کی غیر قانونی تعمیر، ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے بچانے، گورنمنٹ کی ٹرانسفر اور دیگر فیس غیر قانونی طور پر خود وصول کرنے و دیگر کرپشن و بے ضابطگیوں کی نشاندہی کر کے ریفرنس بنانے کی سفارش کی گئی۔

آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق پورے راولپنڈی میں اسی طرح دیگر غیر قانونی سوسائٹیز و کمرشل تعمیرات خلاف بھی جلد آپریشن کیا جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار پہلے ہی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ لینڈ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بغیر کسی خوف و خطر کے سخت کارروائی کی جائے۔