اینکرز الیون نے آئی سی سی آئی الیون کے خلاف 2رنز سے دوستانہ کرکٹ میچ چیت لیا

 
0
341

کھیلوں کی سرگرمیوں سے عوام کی کرونا کے خلاف قوت مدافعت بہتر ہو گی۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد 16 مارچ 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی اسپورٹس کمیٹی نے اینکرز الیون اور آئی سی سی آئی الیون کے مابین شالیمار گراؤنڈ ایف سکس اسلام آباد میں ایک فیملی گالا دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقاد کیا۔

عاصم رضا اینکرز الیون کے کپتان تھے جبکہ ٹیم میں حامد میر، طلعت حسین، کاشف عباسی، ثمر عباس، سید محسن علی اور دیگر شامل تھے۔

 اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان آئی سی سی آئی الیون کے کپتان تھے جبکہ ٹیم میں ظریف خان، ناصر محمود چوہدری، آصف شاہ، محمد رضوان، ملک محسن خالد، ضیا خالد چوہدری، کاشف عثمان اور دیگر شامل تھے۔

اینکرز الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 15اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر آئی سی سی آئی الیون کو جیتنے کیلئے 158 رنز کا ہدف دیا۔ اینکرز الیون کی طرف سے طلعت حسین نے سب سے زیادہ 57 رنز بنائے جبکہ  حامد میر 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آئی سی سی آئی الیون کی طرف سے محمد رضوان نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے۔

اینکرز الیون نے میچ 2 رنز سے جیت لیا کیونکہ آئی سی سی آئی الیون مقررہ 15 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا سکی۔

میچ کے اختتام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں عوام کو صحت مند رکھنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے کرونا وائرس کے خلاف لوگوں کی قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوگا لہذا ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے بعد آئی سی سی آئی مختلف کھیلوں کے مزید میچوں کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے اینکر پرسنز اور بزنس کمیونٹی کے مابین ایک کامیاب دوستانہ کرکٹ میچ منعقد کرنے پر چیمبر کی اسپورٹس کمیٹی کی کاوشوں کوسراہا۔ میچ کے اختتام پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔