اسلام آباد 16 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ کی جانب سے انسداد تجاوزات مہم بلاتفریق تیزی سے جاری ہے۔گزستہ روز بھی انسداد تجاوزات اپریشن کے دوران متعدد غیرقانونی تعمیرات کومسمار کیاگیا، جبکہ موقع سے ضبط شدہ سامان کو سی ڈی اے کے اسٹور میں جمع کروادیا گیا۔انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران ادارہ ہذا کے شعبہ انفورسمنٹ کی زیرنگرانی ڈھوک ٹاہلی بری امام میں آپریشن کرتے ہوئے ایک چار دیواری مسمار کردی گئی۔ آئی جے پی روڈ پرپنڈورا کے قریب آپریشن کرتے ہوئے ایک تعمیراتی مواد کے سیل پوائنٹ کو مسمارکیاگیا،اسلام آباد ایکسپریس وے پر تجاوزات کو مسمار کرکے ایک ٹرک سامان ضبط کیا گیا ہے۔جبکہ سنگجانی ٹول پلازہ جی ٹی روڈ پر سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر پارک کی گئی آر ڈبلیو او کی بھاری مشنری کو ہٹایا گیا ہے۔انتظامیہ کاکہنا ہے تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔ شہر میں کہیں بھی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات برداشت نہیں کی جائے گی۔














