ٹیم ورک۔ٹیم اسپرٹ؛ پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی

 
0
243

اسلام آباد 27 اپریل 2021 (ٹی این ایس): ٹیم ورک۔ٹیم اسپرٹ؛ پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی (رپورٹ اصغر علی مبارک سے) کوروناوائرس کے خوف کے سائے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو28رنز سے ھرا کر سیریز جیت لی ۔پاکستان نے شاندار ٹیم ورک اور ٹیم اسپرٹ سے افریقی ٹیم کو کھیل کے ہرشعبہ میں مات دی ۔پاکستان نےاس طرح ون ڈے سیریز 1-2 سے جیتی آخری مرتبہ آٹھ سال قبل پاکستان نے افریقہ میں سیریز جیتی ۔پاکستان کے بلے بازوں اور بالروں نے افریقن کنڈیشن کا بھرپور فائدہ اٹھایا ۔سنچورین میں کھیلے گئے تین ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے سے محروم رہ جانے والے فخر زمان نے اپنی فارم برقرار رکھی اور مسلسل دوسرے میچ میں بھی سنچری سکور کرکے عالمی درجہ بندی میں پوزیشن بہتر کرلی ھے۔فخر زمان نے 57 رنز بنانے والے امام الحق کے ساتھ پہلی وکٹ پر 112 رنز کی پارٹنر شب بناکر ریکارڈ قائم کیا فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ 94 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اور خود 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے آنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے رھے، تاہم بابراعظم نے اپنا عمدہ کھیل جاری رکھا اور ٹیم کو 300 رنز کے قریب پہنچایا۔

ایک موقع پر پاکستان کے لیے 300 رنز کا ہندسہ عبور کرنا بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا،تاہم ایسے میں حسن علی نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے صرف 11 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ٹیم کو 320 رنز تک پہنچادیا۔بر اعظم اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 94 رنز پر اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 321 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 292 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔جنوبی افریقہ کے جانیمن ملان 70 رنز بناکر نمایاں رہے، جبکہ کائل ویرائینا 62 اور اینڈائل پھیخلوکوائیو نے 54 رنز بنائے۔جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما 20 اور کیشو مہاراج نے 19 رنز بنائے، جبکہ ایڈین مارکرام 18، جے جے اسمٹس 17 رنز بناسکے۔پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی اور محمد نواز نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف نے 2، حسن علی اور عثمان قادر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جبکہ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جاری کی گئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق اوپننگ بیٹسمین فخر زمان سات درجے ترقی کے بعد بارہویں نمبر پر آگئے ہیں۔آئی سی سی رینکنگ کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں بلے بازوں میں ویرات کوہلی کا پہلا نمبر ہے جبکہ کپتان بابراعظم دوسرے، روہت شرما تیسرے اور راس ٹیلر کا چوتھا نمبر ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی بالرز کی رینکنگ کے مطابق ٹرینٹ بولٹ پہلے، مجیب الرحمٰن دوسرے اورمیٹ ہینری تیسرے نمبر پر ہیں۔بالرز رینکنگ کے مطابق قومی فاسٹ بالر محمد عامر بالنگ رینکنگ میں دسویں نمبر پر ہیں۔آئی سی سی کی آل راؤنڈرز رینکنگ کے مطابق آل راؤنڈر شکیب الحسن پہلے، بین اسٹوکس دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں واحد پاکستانی کھلاڑی عماد وسیم شامل ہیں۔پاکستانی اوپنرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں نیا ریکارڈ بھی قائم کیا، امام الحق اور فخر زمان اوپننگ وکٹ پر سب سے زیادہ سنچری شراکت کرنے والی پاکستانی جوڑی بن گئے ۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 5 مرتبہ سنچری شراکت قائم ہوئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے یاسرحمید ،عمران فرحت اور ناصرجمشید ، محمد حفیظ ون ڈے انٹرنیشنل میں چار، چار اوپننگ سنچری پارٹنرشپ کرچکے ہیں۔میچ کے بعد کپتان بابراعظم نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ فخر زمان نے شاندار بیٹنگ سے بڑا ٹوٹل بنانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم مڈل آرڈر بیٹسمینوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا قبل ازیں سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی ،قومی ٹیم نے 274 رنز کا ہدف میچ کی آخری بال پر حاصل کیا ، کپتان بابراعظم نے اپنی 13 ویں سنچری مکمل کی، جنوبی افریقی بلے باز وان ڈر دوسن کی 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز رائیگاں گئی تھی۔ سپر سپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے ابتدائی بلے باز پاکستانی باولرزکا سامنا نہ کر سکے اور 55 کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کے ابتدائی چار بلے باز پویلین لوٹ گئے تاہم وان ڈر دوسن اور ڈیوڈ ملر نے پانچویں وکٹ پر 116 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعی سکور 171 پر پہنچا دیا۔ ڈیوڈ ملر 50 رنز بنا کر حارث رئوف کی بال پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ وان ڈر دوسن نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی۔ انہوں نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں دس چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔ فلہوکوایو 29 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے 274 رنز کا ہدف میچ کی آخری بال پر سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ قومی ٹیم کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کو پہلا نقصان 9 رنز پر اٹھانا پڑا تھا جب فخر زمان 8 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ فخر زمان کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 177 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی 13ویں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 104 گیندوں پر 103 رنز بنائے’ ان کی دھواں دھار اننگز میں 17 چوکے شامل تھے ’ وہ 103 رنز بنا کر نارٹجی کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ امام الحق نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ وہ نارٹجی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ اپنا پہلامیچ کھیلنے والے دانش عزیز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف تین رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے بعد پاکستان کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی آصف علی تھے’ وہ صرف دو رنز بنا کر نارٹجی کا شکار بنے۔اس کے بعد محمد رضوان نے شاداب خان کے ساتھ مل کر 53 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔پاکستان کی چھٹی وکٹ 256 رنز پر گری جب محمد رضوان 40 رنز بنا کر فلہوکوایو کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ اس وقت گری جب پاکستان کو فتح کے لئے تین رنز درکار تھے’ شاداب خان 33 رنز بنا کر فلہوکوایو کا شکار بنے۔ فہیم اشرف نے آخری اوور کی آخری گیند پر وننگ شارٹ لگا کر قومی ٹیم کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں برتری دلادی کپتان بابر اعظم کو سنچری سکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس طرح امید پیدا ہوئی تھی کہ پاکستان ٹیم سیریز باآسانی جیت لے گی مگر جننوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 17 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی ۔ افریقی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 341 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ تیمبا بووما 92، کوئنٹن ڈی کاک 80، وین ڈر ڈوسین 60 اور ڈیوڈ ملر 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ حارث رئوف نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان نے فخر زمان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے۔ فخر زمان نے غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 155 گیندوں پر 193 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کر لئے۔ ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 18 چوکے شامل تھے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وانڈررز سٹیڈیم، جوہانسبرگ میں سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔ کوئنٹن ڈی کاک اور ایڈن مارکرم نے 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ مارکرم 39 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈی کاک اور کپتان تیمبا بووما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ میں 114 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 169 تک پہنچا دیا۔ ڈی کاک 80 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مڈل آرڈر بلے باز وین ڈر ڈوسین نے 37 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ تیمبا بووما 92 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ آخر میں ڈیوڈ ملر نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ حارث رئوف نے تین جبکہ شاہین آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے۔ فخر زمان نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 155 گیندوں پر 193 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔افریقی وکٹ کیپر کی متنازع کال پر بدقسمتی سے وہ 7 رنز کے فرق سے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 18 چوکے شامل تھے۔ بابر اعظم 31 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ اینرچ نورجے نے تین اور اینڈلی فلکوائیو نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فخر زمان کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا۔