اسلام آباد 09 اپریل 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ کی جانب سے روڈ انفرااسٹکچر کی بحالی پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی ضمن میں شہر کی مرکزی اور اہم شاہراہوں کی کارپٹنگ کاکام مکمل کرلیا گیا ہے۔چھوٹی سڑکوں اور گلی محلوں کی کارپٹنگ کام جاری ہے۔جبکہ آئی جے پی روڈ کاپیچ ورک بھی تکمیلی مراحل میں ہے۔تفصیلات کے مطابق طویل عرصہ سے نظرانداز شہر بھر کی شاہراہوں، چھوٹی بڑی سڑکوں، ایونیوز انتہائی خستہ ہوچکے تھے،جس پروفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )کی موجودہ انتظامیہ نے فری طور پر ایکشن لیتے ہوئے روڈ انفرااسٹکچر کی بحالی اور مرمت کا آغاز کردیا۔اس وقت جناح ایونیو،ایکسپریس وے،زیروپوائنٹ،ایف الیون،ایف ٹین سمیت دیگر مراکز اوراہم شاہراہوں کی کارپٹنگ مکمل کرلی گئی ہے۔جبکہ آئی ایٹ،آئی نائن،آئی ٹین،ایف سکس،ایف سیون،ایف ٹین،ایف نائن، ای سیون،جی سکس،جی سیون،جی ایٹ،جی نائن،جی ٹین ،جی الیون سمیت دیگر سیکٹرز میں سڑکوں اور گلی محلوں کی کارپٹنگ کاکام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔مذکورہ کارپٹنگ کاکام ادارہ ہذا کے شعبہ ایم پی او اورروڈ مینٹینینس کی جانب سے کیا رہا ہے،جبکہ کام کے معیار اورکوالٹی پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔روڈ کارپٹنگ کی نگرانی ممبر انجنیئر ازخود کررہے ہیں۔دوسری جانب شہر کی مصروف اور معروف ترین شاہراہ آئی جے پی روڈ پربھی پیچ ورک اور مرمت وبحالی کاکام تیزی سے جاری ہے،جوکہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔ادارہ ہذا نے ایف ٹین سروس روڈ کوسگنل فری بناتے ہوئے یو ٹرن کی کارپٹنگ مکمل کرلی ہے۔