اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے، حکمرانی دیتا ہے اور چھین بھی لیتا ہے، شیخ رشید احمد

 
0
209

اسلام آباد 19 اپریل 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ بعض لوگ اسلام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگ باتیں کرتے ہیں اور عمران خان سارے کام کرتے ہیں، آپ (عمران خان) اسلام کے لیے ہیں اور اسلام آباد آپ کو اللہ اور عوام نے دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اسلام آباد کی طرف صرف ترسی ہوئی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اللہ نیتوں کا پھل دیتا ہے اور آپ کو نیتوں کا پھل دے رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں ٹانگ کھینچنے والوں کی کمی نہیں ہے، وہ لوگ جن کے عقیدے نہیں ملتے وہ بہانے اور موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں، لیکن وہ نہیں جانتے جس کا نام عمران خان ہے اس نے شکست کھانا نہیں سیکھی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اسلام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان شاء اللہ وزیراعظم عمران خان اسلام اور ملک دشمنوں کو شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے، حکمرانی دیتا ہے اور چھین بھی لیتا ہے، بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ حکمرانی ہماری وجہ سے ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اللہ نے مجھے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا ہے، عمران خان کے ساتھ سیاست میں آیا ہوں اور ان کے ساتھ جاؤں گا، مجھے پوری امید ہے کہ عمران خان کے تمام دشمن شکست کھائیں گے۔