چیئرمین سی ڈی اے اور ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کاجی الیون مرکز میں فروٹ فروش سے ڈی ایم اے اہلکاروں کی بد تمیزی کا نوٹس ، دونوں اہلکار معطل ، معاملے کی تحقیقات کا حکم

 
0
146

اسلام آباد 30 اپریل 2021 (ٹی این ایس): چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد اور ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی سید شفق ہاشمی نے جی الیون مرکز میں فروٹ فروش سے ڈی ایم اے اہلکاروں کی بد تمیزی کا نوٹس لے لیا، دونوں اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ، ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر ایکشن ضرور ہو گا مگر بدتمیزی اور بد اخلاقی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل جی الیون مرکز میں ڈی ایم اے اہلکاروں نے فروٹ فروش کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے اس کا مال اٹھا لیا تھا، معاملہ سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر ڈی ایم اے پر سخت تنقید کی جا رہی تھی ،اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمدکی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی سید شفق ہاشمی نے معاملے کا نوٹس لے لیا اور دونوں اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا،معطل کئے جانے والے ملازمین میں محسن اور اسد شاہ شامل ہیں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ایم اے حامد نصر اللہ رانجھا کو معاملے کی تحقیقات کر نے کا حکم دیا گیا ہے۔

سیدہ شفق ہاشمی کی ہدایت پر فروٹ فروش کو اس کی ریڑھی اور فروٹ بھی واپس کر دیا گیا ہے ۔، ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر ایکشن ضرور ہو گا مگر بدتمیزی اور بد اخلاقی برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری طرف فروٹ فروش جواد اجمل نے سامان اور ریڑھی واپس کئے جانے پر چیئرمین سی ڈی اے اور ایڈمنسٹریٹر سیدہ شفق ہاشمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جی الیون مرکز میں منع کرنے کے باوجود ریڑھی لگائی جس پر میرا سامان اٹھایا گیا، یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کروں گا۔