بھارت میں ٹماٹروں کی حفاظت کے لیے مسلح گارڈز تعینات کرنے کا فیصلہ

 
0
439

نئی دہلی  جولائی25(ٹی این ایس): بھارت میں ٹماٹروں کی حفاظت کے لیے مسلح گارڈز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقبھارت میں ٹماٹروں کی قیمت اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے کہ ٹماٹروں کو ایک ریاست میں ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے مسلح گارڈز تعینات کیے جا رہے ہیں۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق مدھیا پردیش ریاست کے شہر اندور میں ایک تھوک فروش کے مطابق ٹماٹروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے مدنظر تحفظ کے لیے مسلح گارڈز رکھنے پڑ رہے ہیں۔

تھوک فروش نے کہا کہ اندور میں سبزی منڈی میں چھ مسلح گارڈز تعینات کیے ہیں تاکہ ٹماٹروں کی حفاظت کر سکیں خاص طور پر اس وقت جب ٹماٹر ٹرک سے اتارے جا رہے ہوں۔مدھیا پردیش میں کئی ایسے واقعات رپورٹ کیے گئے ہیں جہاں چور کئی ٹن ٹماٹر لوٹ کر فرار ہو گئے۔مدھیا پردیش میں ٹماٹر کی بمپر فصل ہوئی ہے اور یہاں تک کہ ایک ماہ قبل تک کسان اپنے ٹماٹر سڑکوں پر پھینک رہے تھے۔تاہم اب ٹماٹروں کا موسم نہیں رہا اور شدید بارش کے باعث کئی علاقوں میں فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔انڈین ایکسپریس کے مطابق ٹماٹروں کی قیمت 100 انڈین روپے یعنی 1.55 ڈالر ہو گئی ہے جس کے باعث ٹماٹر عام آدمی کے لیے لینا مشکل ہو گیا ہے۔ایک تجزیہ کار نے کہا ہے کہ انڈیا میں پیازوں پر تو حکومتیں گری ہیں اور ٹماٹر کی قیمتیں بڑھنے کے باعث سیاسی رہنماں کی نیندیں تو ضرور حرام ہو گئی ہوں گی۔