آکسیجن اوراس کی تیاری کا سامان درآمد کرنے کیلئے ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص

 
0
169

اسلام آباد 05 مئی 2021 (ٹی این ایس): اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آکسیجن اور اس کی تیاری سے متعلقہ سازوسامان درآمد کرنے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ایک ارب 80 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر آکسیجن اور اس کی تیاری سے متعلقہ سازوسامان درآمد کرنے کیلئے این ڈی ایم اے کو ایک ارب 80کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

نجی بجلی گھروں کو 90 ارب روپے کے واجبات کی پہلی قسط جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی جن میں سے تقریباً 60 ارب روپے کی ادائیگیوں کے کیس نیب کے پاس مقدمات کا فیصلہ ہونے کے بعد جاری ہوں گے۔

ای سی سی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی بلڈنگ تعمیر کرنے کیلئے 57 کروڑ کی منظوری بھی دی جبکہ وزارت دفاع اور پیٹرولیم ڈویژن و دیگر کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کیلئے ایک ارب 56 کروڑ کی منظوری کے علاوہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق زرعی مصنوعات کی برآمدات کی پالیسی کی منظوری دی۔