صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق جائزہ اجلاس

 
0
136

اسلام آباد 20 مئی 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابی عمل کی مجموعی کارکردگی اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی انتخابی عمل آسان اور اس پر عوام کا اعتماد بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے، متعلقہ ادارے ووٹنگ مشین کی جلد تیاری کیلئے ٹائم لائنز طے کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز سینیٹر محمد اعظم خان سواتی، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ندیم ارشاد کیانی، قائمقام چئیرمین نادرا خالد لطیف، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان خضر عزیز اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں مقامی طور پر تیار کردہ جدید سیکورٹی خصوصیات کی حامل ووٹنگ مشین کی تیاری کے سلسلے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے نمونے کی تیاری کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ انتخابی عمل کی مجموعی کارکردگی اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد تیار کرنے کی ضرورت ہے، جدید ٹیکنالوجی انتخابی عمل آسان اور اس پر عوام کا اعتماد بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے ووٹنگ مشین کی جلد تیاری کیلئے ٹائم لائنز طے کریں جبکہ ووٹنگ مشین 2023 انتخابات میں استعمال کیلئے مشینوں کی تکنیکی خصوصیات کو حتمی شکل دی جائے۔