وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ کی وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات؛ رپورٹ :اصغرعلی مبارک سے

 
0
218

اسلام آباد 27 مئی 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ویڈیو لنک پر وزیر خزانہ جناب شوکت فیاض احمد ترین سے ملاقات کی۔ اجلاس کا ایجنڈا آئندہ فنانس بل میں کھیلوں سے متعلق اشیاء پر درآمدی محصولات میں ریلیف تھا۔ اجلاس میں سیکرٹری آئی پی سی اور ڈی جی پی ایس بی بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چونکہ اس سال معیشت بہتر پوزیشن میں ہے ہم کھیلوں کو فروخ دینا چاہتے ہیں کیونکہ ہم سیف گیمز اور آئندہ اولمپکس کی تیاری کر رہے ہیں اور ہمیں اس کے لئے مالی مدد کی ضرورت ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ اس فنانس بل میں حکومت کھیلوں کے سامان جیسے ہاکی ٹرف ، ایتھلیٹک ٹریک ، اسکواش گلاس کورٹ کی درآمد پر محصولات کو کم کرے۔ مذید  یہ کہ ہم چاہتے ہیں کہ کچھ مخصوص کھیلوں کو محصولات سے چھوٹ دی جائے۔
دنیا بھر کے ممالک کھیلوں میں اپنے ٹیکس کا ایک حصہ لگاتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت کھیلوں کے فنڈ میں ٹیکس کا ایک حصہ دینے کے لئے ایسا نظام وضع کرے جس سے قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مدد ہو۔
چونکہ قومی ٹیمیں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں وفاقی حکومت کو ان کی سرپرستی کرنا چاہئے۔ ہم کھلاڑیوں کا ایلیٹ پول تیار کررہے ہیں جن کو وفاقی حکومت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لئے ان کی مدد اور فنڈ مہیا کرے۔
وفاقی وزیر نے سی ایس آر (کارپوریٹ سماجی ذمہ داری) میں کھیلوں کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کاروباری برادری نے کھیلوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں بھی ہماری کاروباری برادری کی نمائندگی ہے۔
وزیر خزانہ نے وفاقی وزیر کو کھیلوں اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی ترقی میں آئی پی سی اور پی ایس بی کی مکمل حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی بہتر سہولیات کا فقدان ہے جس سے وہ معاشرتی برائیوں میں ملوث ہو جا تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل وقت گزارنے کا ایک صحتمند طریقہ ہے۔
آئی پی سی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے فنڈ کا ایک ایسا نظام ہونا چاہئے جو آئندہ بھی پائیدار رہے۔ وزیر خزانہ نے ان کے خیال کی تائید کی اور آنے والے فنانس بل میں کھیلوں کو اہمیت دینے کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی مثبت میٹنگ رہی ہے اور ہم توقع کر رہے ہیں کہ اس فنانس بل میں کھیلوں کو فنانس منسٹری سے بہتر تعاون حاصل ہوگا۔