وفاقی پولیس نے رواں سال انسداد منشیات مہم کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بر آمد کر کے738ملزمان گرفتار کئے

 
0
235

اسلام آباد 14 جولائی 2021 (ٹی این ایس): وفاقی پولیس نے رواں سال انسداد منشیات مہم کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بر آمد کر کے738ملزمان گرفتار کئے، گرفتار ملزمان میں ڈیلرز سمیت تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے بھی شامل ہیں،منشیات فروش انسانیت کے دشمن ہیں یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں،عوام انسداد منشیات کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے منشیات فروشوں کی نشاندہی کرے تاکہ معاشرے کومنشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے بتایا کہ حکومت پاکستان کے ویژن اور آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کے احکامات کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے منشیات جیسے گندے دھندے کے خاتمہ کے لئے یہ مہم شروع کی گئی تھی، اس مہم کے دوران اسلام آباد پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 489965گرام چرس، 64886گرام ہیروئن،10386گرام افیون،5518گرام آئس،136گرام کوکین اور 31737بوتلیں شراب برآمد کیں۔جس کی تفصیل اس طرح ہے کہ سٹی زون پولیس نے 192مقدمات درج کر کے 193ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے 68958گرام چرس، 2472گرام ہیروئن، 1808گرام آئس،96گرام کوکین اور 1257بوتلیں شراب برآمد کی،اسی طرح صدر زون پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف 197مقدمات درج کر کے 217ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے 101170گرام چرس، 35717گرام ہیروئن،355گرام افیون،1645گرام آئس اور 27041بوتلیں شراب برآمد کی، انڈسٹریل ایریا زون نے رواں سال کے دوران 122مقدمات درج کر کے 124منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے 204286گرام چرس، 9030گرام ہیروئن،9616گرام افیون،1201گرام آئس اور 2464بوتلیں شراب برآمد کی، رپورٹ کے مطابق رورل زون پولیس نے 204ملزمان کو گرفتار کر کے 198مقدمات درج کئے اور 115551گرام چرس،17667گرام ہیروئن، 415گرام افیون، 864گرام آئس، 40گرام کوکین اور 975بوتلیں شراب برآمد کی۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل اور وفاقی دارلحکومت سے اس ناسور کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، انہوں نے کہا کہ اس گندے دھندے کے خاتمہ کے لئے بڑے پیمانے پر مہم جاری ہے، ہم مختلف ذرائع کی مدد سے منشیات کی ڈیمانڈ اور سپلائی دونوں کو روکنے کے لئے کام کر رہے ہیں اور اس کا مکمل خاتمہ شہریوں کی مدد کے بغیر ناممکن ہے، انہوں نے مزید کہا کہ منشیات استعمال کرنے والوں میں طلبا ء اور عورتیں بھی شامل ہیں، اسلام آباد پولیس ان کے والدین سے رابطہ کر کے انہیں اس ناسور سے بچاؤ کے لئے تنبیہ کر رہی ہے،ایس ایس پی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اگر اپنے علاقے میں اس دھندے کے متعلق کو ئی اطلاع پائیں تو فوری اپنی متعلقہ پولیس کو بتائیں ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا