راولپنڈی جولائی 27 (ٹی این ایس ) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کی گئی 9 کاروائیوں کے دوران تقریباً 10کروڑ30 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی 91 کلو گرام منشیات برآمد کر لی،جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 3گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 89کلو گرام چرس،1.2کلو گرام افیون ، 545 گرام ہیروئن اور 400 گرام ایسٹیسی گولیاں شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے ضلع پشین کے علاقے تحصیل خانو زئی میں واقع موڑ پل کے قریب کاروائی کے دوران ایک لاوارث ٹیوٹا کرونا کار کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 26 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے تحصیل و ضلع ہرنائی کے علاقے شہرگ میں واقع نیو ٹرک سٹینڈ کے قریب کاروائی کے دوران ہرنائی کے رہائشی داد محمد نامی ملزم کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔اے این ایف راولپنڈی نے ایئرپورٹ روڈ، راولپنڈی کے قریب واقع باؤ جی ریسٹورانٹ کے قریب شفقت علی نامی مقامی منشیات فروش کے ذاتی قبضے سے 800 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
اے این ایف لاہور نے بلال ڈائیو بس سٹینڈ، وہاڑی چوک، ملتان سٹی کے قریب کاروائی کے دوران رحیم یار خان کے رہائشی محمد ندیم نامی ملزم کے قبضے سے 109 ہیروئن بھرے کیپسول جن کا وزن 545 گرام تھابرآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے اللہ ھو سی این جی سٹیشن، گول چکر، جوہر ٹاؤن ، لاہور کے قریب کاروائی کے دوران ایک آٹو رکشا کو روک کر دوران تلاشی رکشے سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے جھنگ کے رہائشی مراتب علی نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف پشاور نے مخبر کی اطلاع پر کاروائی کے دوران پبی، جی ٹی روڈ، نوشہرہ کے قریب کاروائی کے دوران ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی 13 کلو گرام چرس اور 1.2 کلو گرام افیون برآمد کر کے محمد ظفر خان نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔اے این ایف کراچی نے اے ایس ایف کے تعاون سے کی گئی مشترکہ کاروائی کے دوران جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی سے کراچی کے رہائشی محمود نامی ملزم کے بوٹوں میں سے 1210 ایسٹیسی گولیاں برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ملزم قطر ایئرلائن کی پرواز نمبر QR-611 کے ذریعے دوحہ کے لئے روانہ ہو رہاتھا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے کراچی کے علاقے بنارس میں واقع سوات بس سٹینڈ کے قریب محمد رضوان نامی مقامی منشیات اسمگلر کے قبضے سے 8 کلوگرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے شاہین جناح کالونی، کراچی میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر وہاں چھپائی گئی 35 کلو گرام چرس برآمد کر لی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھر خالی تھا اور منشیات کی ترسیل کے لئے منشیات وہاں چھپائی جاتی تھیں۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔