راولپنڈی (ٹی این ایس) پاک فوج نے برطانیہ میں کیمبرین پیٹرول 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا

 
0
19

راولپنڈی (ٹی این ایس): پاک فوج کی ٹیم نے برطانیہ کے شہر ویلز میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی مشہور ایکسرسائز کیمبرین پیٹرول 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی کی ٹیم نے 03 سے 13 اکتوبر 2025 تک ویلز برطانیہ میں منعقد ہونے والی ایکسرسائز کیمبرین پیٹرول – 2025 میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ یہ ایکسرسائز کیمبرین پیٹرول 66 سال سے منعقد کی جارہی ہے، مشق میں پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھا گیا ۔

پوری دنیا سے مشق کے شرکا کو نا ہموار علاقے میں حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا پڑا، 48 گھنٹوں کے دوران 60 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے انہوں نے مسابقتی ماحول میں ماہرانہ انداز میں اپنے اہداف حاصل کئے۔
رواں سال مشق میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا اور ان تمام ٹیموں میں سے کیپٹن محمد سعد کی قیادت میں پاک فوج کی ٹیم نے مشق میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ واقعی پوری قوم اور پاک فوج کے لیے قابل فخر لمحہ ہے جو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کے اعلیٰ ترین معیار کے لیے جانی جاتی ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کا پرچم سربلند رکھا ہے اور آئندہ بھی کوششیں جاری رکھے گی