ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، تھانہ کہوٹہ اور تھانہ کلرسیداں کا دورہ کیا

 
0
429

راولپنڈی جنوری 28 (ٹی این ایس): دورے کے دوران ڈگری کالج فار ویمن کہوٹہ اور عظیم پبلک سکول میں طلبہ و طالبات کو خصوصی لیکچر بھی دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے پاکستان اور چین کے تعاون سے جاری کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی کے ہمراہ ایس پی صدر ڈویژن راولپنڈی ضیاء الدین، ایس ڈی پی او کہوٹہ طارق محبوب بھی تھے۔ کروٹ پاور پراجیکٹ جاتے ہوئے راستے میں گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن کہوٹہ کا خصوصی دورہ کیا جہاں آر پی او راولپنڈی نے طالبات کو تعلیم کی اہمیت اور روزمرہ معاملات کے متعلق خصوصی لیکچر دیا۔کالج میں آر پی او راولپنڈی نے اپنے ہاتھوں سے خصوصی طور پر پودا بھی لگایا۔

ہائیڈر و پاور پراجیکٹ پہنچنے پرپراجیکٹ پر موجود سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اور دیگر افسران نے آر پی او راولپنڈی کو پراجیکٹ کی تفصیلات اور پراجیکٹ پر تعینات سیکورٹی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ آر پی او راولپنڈی نے سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات عملے سے ملاقات کی اور انہیں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔پاور پراجیکٹ سے واپسی پر عظیم پبلک سکول اینڈ ہاسٹل کا دورہ کیا اور سکول و ہاسٹل کے طلباء کو منشیات کے نقصانات اور معاشرے کے دیگر معاملات کے متعلق خصوصی لیکچر بھی دیا۔کہوٹہ پہنچنے پر تھانہ کہوٹہ کا دورہ کیا اور یادگار شہداء پر حاضری کے دوران پھولوں کا گلدستہ بھی چڑھایا۔ آر پی او راولپنڈی نے کہوٹہ کے پولیس شہداء کے لواحقین سے خصوصی طور پر ملاقات میں انہیں پھول اور تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ پولیس کے بہادر جوان ہمارے ہیرو ہیں جنکی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

آر پی او نے شہداء کے لواحقین کو کہا کہ آپ کو کوئی بھی مشکل درپیش ہو تو براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔تھانہ کے دورے کے دوران تھانہ کے ریکارڈ، بلڈنگ تھانہ اور حوالات کو بھی خصوصی طور پر چیک کیا گیا۔ایس ڈی پی او کہوٹہ دفتر کے ملاحظہ کے دوران ریکارڈ کو چیک کیا۔آر پی او راولپنڈی نے کہوٹہ کی تاجر برادری سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کہوٹہ سے واپسی پر آر پی او راولپنڈی نے تھانہ کلرسیداں کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران تھانہ کے ریکارڈ اور جرائم کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ آر پی او راولپنڈی نے تھانہ میں تعینات عملے سے ملاقات کی اور اچھی کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو نقد انعامات بھی دئیے۔آر پی او نے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا رویہ جرائم پیشہ عناصر کے لئے فولاد اور عام لوگوں کے ساتھ ریشم کی طرح نرم ہونا چاہیے۔تھانہ کی سطح پر انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بناکر پرامن معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکتاہے۔