پاکستان عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مشترکہ مذہب ، ثقافت اور مشترکہ امنگوں کے حامل ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین سے گفتگو

 
0
266

اسلام آباد 11 اگست 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مشترکہ مذہب ، ثقافت اور مشترکہ امنگوں کے حامل ہیں، پاکستان اور عراق کو مزید قریب لانے کے لیے تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے عراق کی خودمختاری ، سیاسی اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان عراق کی تعمیر نو میں ہنر مند اور تربیت یافتہ ورک فورس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور انجینئروں کی فراہمی میں بھی مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور عراق کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون کو باہمی فائدے کے لئے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عراقی وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ پاکستانی زائرین کو ویزا دینے اور عراق میں مقدس مقامات کے دورے کے دوران سہولت فراہم کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔

صدر مملکت نے عراقی وزیر خارجہ کو یہ بھی بتایا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو بھارت کی طرف سے بدترین جبر اور دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلائے۔

اس موقع پر عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے کہا کہ عراق پاکستان کو ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت ، ثقافت اور دفاع میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ انہوں نے اسلام آباد میں عراقی سفارت خانے کو ہدایت کی ہے کہ وہ زائرین کو ویزے اور سفر میں سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے عراقی سفارت کاروں کو تربیت دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا اور عراقی قیادت کی طرف سے پاکستان کے عوام اور قیادت کے لیے نیک تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔