وزیراعظم عمران خان سے چین کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، سی پیک، ویکسین اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

 
0
132

اسلام آباد 13 اگست 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سی پیک، ویکسین اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چین کے سفیرنے وزیراعظم عمران خان کو چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کی طرف سے نیک خواہشات اور پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

وزیراعظم نے چینی قیادت کے مبارکباد کے پیغام پر اپنے خیرسگالی جذبات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں چین کی مسلسل حمایت اور کوویکس سہولت کے تحت ویکسین کی فراہمی کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور کسی بھی دشمن قوت کو اس دوستی کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک تبدیلی کا منصوبہ ہے اور دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ سی پیک کو بی آر آئی کا اعلیٰ معیار کا منصوبہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے پرعزم ہے۔

ملاقات میں تجارت، کامرس، سرمایہ کاری، چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان رابطوں اور کان کنی اور قدرتی وسائل سے متعلقہ معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے علاقائی صورتحال کے تناظر میں اس بات کو دہرایا کہ افغانستان کے تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ افغان تنازعہ کے سیاسی حل کے لیے مذاکراتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔