مینار پاکستان پر خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث بعض افرادکوگرفتارکرلیا: آئی جی پنجاب

 
0
185

لاہور 20 اگست 2021 (ٹی این ایس): آئی جی پنجاب پولیس نے وزيراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ میں بتایا ہےکہ مینار پاکستان پر خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث 400 افراد میں سے بعض کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مینار پاکستان پر خاتون کے ساتھ پیش آئے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔

آئی جی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں ملوث بعض افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، ویڈیوز کی مدد سے نادرا کے ذریعے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کل صبح تک حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس حوالے سے اہم اجلاس بھی بلالیا ہے۔

عثمان بزدار نے اسے ٹیسٹ کیس قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ متاثرہ خاتون کو انصاف دلائيں گے اور کیس جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچائيں گے۔

یاد رہے کہ لاہور میں 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں سیکڑوں افراد نے خاتون ٹک ٹاکر سے بدتمیزی کی،کپڑے پھاڑ ڈالے اور ہوا میں اچھالتے رہے تھے، واقعے کی فوٹیج وائرل ہونےکے بعد400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

متاثرہ لڑکی عائشہ کا کہنا تھا کہ سیکڑوں افراد نے ان کے بال نوچے، بے لباس کیا، ہوا میں اچھالا ، پانی میں گرایا، دو بار تو سانس تک بند ہوگئی تھی اور انہوں نے بچنے کی امید چھوڑ دی تھی ۔

دوسری جانب جیو فینسنگ سے پتا چلا ہے کہ گریٹر اقبال پارک میں 80 ہزار کے قریب افراد موجود تھے لیکن شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی باقاعدہ نفری نہیں لگائی گئی تھی۔