سی ڈی اے کی اسلام آباد میں غیر قانونی تجاوزات، تعمیرات اور قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیاں تیزی سے جاری

 
0
167

اسلام آباد 24 اگست 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کےخلاف متعدد کارروائیاں کیں جسمیں غیر قانونی عمارتیں، مکانات و دیگر غیر قانونی تعمیرات مسمار کردی گئیں

تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں اسلام آباد کے علاقے بری امام کے محلہ ڈوری باغ میں کی گئیں، جہاں شعبہ انفورسمنٹ نے بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے پانچ غیر قانونی کمرے، 9 چار دیواریاں، 9 دروازے جبکہ پانچ دیواریں، پانچ واش رومز، دو غیر قانونی دوکانیں، ایک چائے کا ہوٹل، ایک تندور اور چھ باڑیں مسمار کردیں

وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے انسداد تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی، اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے کا شعبہ انفورسمنٹ غیر قانونی تجاوزات و تعمیرات کے خلاف مسلسل آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے