اسلام آباد 18 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): کراچی کے علاقے گلبرگ میں ایف بی آر کے ریٹائرڈ افسر نے تلخ کلامی پر چلتی گاڑی میں ڈرائیور کی کمر پر گولیاں ماردیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم مسرت حسین کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ گھر آرہا تھا کسی بات پر تلخی ہوئی تو ملزم نے طیش میں آکر ڈرائیور کو چلتی گاڑی میں پیچھے سے گولیاں ماریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں نوجوان کو ملزمان کی جانب سے قومی شاہراہ بائی پاس پر قائم ایک ریسٹورنٹٓ میں بلایا گیا تھا، نوجوان جیسے ہی گاڑی سے باہر نکلا تو اس پر گولیاں برسا دی گئی تھیں۔
نوجوان کے والد نے پولیس کو بتایا تھا کہ کار ڈیلر کے پیشے سے وابستہ ہیں ہماری کسی سے دشمنی چل رہی ہے۔
فائرنگ کے بعد ملزم روڈ عبور کرکے وہاں موجود ساتھی کے ساتھ فرار ہوگیا تھا۔