حکومتی ٹیم آج کالعدم جماعت سے مذاکرات کرے گی: نورالحق قادری

 
0
236

اسلام آباد 23 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد احتجاج کے بعد حکومتی ٹیم آج کالعدم جماعت سے مذاکرات کرے گی ، وفاقی وزیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات سےمعاملات حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

صوبائی دارلحکومت لاہور میں کالعدم جماعت کا احتجاج جاری ہے ، حکومتی ٹیم آج کالعدم تنظیم سے مذاکرات کرے گی ، حکومتی ٹیم میں نورالحق قادری، شیخ رشید احمد اور راجہ بشارت شامل ہیں۔

پیر نورالحق قادری کے علمائے اکرام سے رابطے جاری ہے ، وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات سےمعاملات حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی مال و جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیرمذہبی امورنور الحق قادری لاہور پہنچ چکےہیں جبکہ شیخ رشید لاہور کیلئے روانہ ہوگئے ہیں علی امین گنڈاپور بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

خیال رہے کالعدم جماعت کے پرتشدد احتجاج سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 44زخمی ہوگئے ہیں ، شہیدہونےوالوں میں ہیڈ کانسٹیل ایوب اور کانسٹیبل خالد جاوید شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتعل ہجوم کے تشددسے 44 اہلکارشدیدزخمی ہوئے۔