کراچی جولائی 28(ٹی این ایس ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلہ پر انھیں تحفظات ہیں تاہم پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق اس فیصلے کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا جائیگا ۔ مسلم لیگ ن سندھ بھر میں عوامی رابطہ مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھے گی اب ہمارا ہدف آئندہ انتخابات ہیں اور ن لیگ آئندہ سندھ میں حکومت بنائے گی ، آج جو لوگ مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں جلد ان کے لیے بھی سوگ کے دن آنے والے ہیں ، نواز شریف کو ایک مرتبہ ایٹمی دھماکہ کرنے اور آج دوسری مرتبہ سی پیک کا منصوبہ بنانے کے جر م میں ان کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے تاہم ہم سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں ۔پانامہ پیپرز ایک عالمی سازش تھی نواز شریف کی حکومت کو گرانے کے ایجنڈے میں عمران خان ملوث ہیں لیکن عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ان خیالات کا اظہا ر مسلم لیگ ن کے رہنما ؤں زین انصاری،تیل داس کوہستانی اور راجہ انصاری نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرس کرتے ہوئے کیا۔ان رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف پاکستانی عوام کے مقبول ترین رہنما ہیں ، نواز شریف اور ان کا خاندان نے پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کیا اور اب بھی تمام مقدمات میں عدالتوں کا سامنا کریں گے ،امید ہے عدالتیں ہمیں انصاف فراہم کریں ، 2018میں نواز شریف ہی وزیر اعظم بنیں گے ۔انھوں نے کہا کہ اگر نواز شریف وزیر اعظم نہیں رہے تو پھر بھی مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مدت مکمل کرے گی اور پارٹی قیادت جسے نامزد کرے گی وہ نواز شریف کے ایجنڈے کے مطابق ملک کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور طریقے سے کام کرے گا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ عمران خان سمیت جن رہنماؤں کی نااہلی کی حوالے سے کیسز ہیں ان کا فیصلہ بھی جلد کرے۔ بعد ازاں مسلم لیگ ن کے تحت پریس کلب کے باہر نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع منعقد کیا گیا جس کی قیادت ن لیگ کے رہنما علی اکبر گجر نے کی۔اس اجتماع میں نواز شریف کے حق میں شرکاء نے نعرے لگائے، اجتماع میں ن لیگ کے رہنما، پارٹی کے بلدیاتی نمائندے اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علی اکبر گجرو دیگر رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹ گئے ہیں لیکن عوام کے دلوں میں ان کی عزت و احترام ہمیشہ برقرار رہے گی، نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی تاہم عدالتی فیصلے پر پارٹی کی جو بھی رائے اس کی حمایت کرتے ہیں ۔ انھوں نے اعلان کیا کہ نواز شریف سے یکجہتی کے لیے سندھ بھر میں اجتماعات کا انعقاد کیا جائیگا، اس موقع پر عمران خان کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ مسلم لیگ ن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔