سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی،جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے خوش آئند ہے ، سید مصطفی کمال

 
0
290

کراچی جولائی 28(ٹی این ایس ) سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور پاکستان میں حکمرانوں کے احتساب کا آغازثابت ہو نا چاہیے۔ پانامہ کا فیصلہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے خوش آئیند ہے ، احتساب خالی مسلم لیگ (ن )اور نواز شریف تک نہیں رکنا چاہئے بلکہ دیگر حکمرانوں کا بھی ہونا چاہئے جنہوں نے عوام کا پیسہ لوٹا،پاک سرزمین پارٹی عدلیہ کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ملک میں اگلے انتخابات نئی مردم شماری کے نتائج ،انتخابی اصلاحات اور نئی حلقہ بندیوں کے بغیر نہیں ہونے چاہئیں۔ عام انتخابات جب بھی ہونگے پاک سر زمین پارٹی اس میں بھرپور حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پاکستان ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کا فیصلہ ملک بھر کے حکمرانوں کے احتساب کی جانب پہلا قدم ہے، ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیراعظم اقتدار سے علیحدہ ہو کر اپنا دفاع کریں،اس فیصلے سے جمہوریت کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ نظام میں جو بھی آئے گا وہ کرپٹ ہو جائے گا کیونکہ موجودہ نظام میں اختیارات اور وسائل صرف وزیر اعظم اور وزیرِ اعلی تک محدود ہیں ،ہم پہلے دن سے یہ مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کیا جاناچاہئے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں ۔ ہمیں ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں ایک شخص کے جانے سے کوئی فرق نہ پڑے بلکہ ہمارے ادارے اتنے مضبوط ہوں کہ ان کی موجودگی میں کرپٹ انسان بھی چوری نہیں کر پائے، موجودہ نظام کے تمام اداروں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے،ملک میں ایسے قانون کی ضرورت ہے جہاں وزیر اعظم کو صرف کرپشن ہی نہیں بلکہ عوامی مسائل حل نہ کرنے پر بھی احتساب کیا جائے۔ ۔انہوں نے کہاکہ اب اداروں کو پانامہ سے نکل کرعوام کے بنیادی مسائل کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملک میں اس وقت مسائل کا انبار ہے نئے وزیر اعظم کے آنے سے عوام کے مسا ئل فوری حل نہیں ہونگے بلکہ بجلی ، تعلیم ، صحت،صفائی، کرپشن کا خاتمہ اور معاشی مسائل اپنی جگہ برقرار رہیں گے ، ملک میں اس وقت 1کڑور بچے غیر معیاری خوراک اور صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ذہنی و جسمانی کمزوری کا شکار ہیں جو آگے چل کر ہماری معیشت کو متاثر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اب عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے ووٹ کااختیار سوچ سمجھ کراستعمال کریں اور کرپٹ لوگوں کے بجائے ایماندار اور محب وطن لوگوں کو منتخب کریں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اداروں کی مضبوطی کے لئے قانون میں ترامیم اور وسائل اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لئے قانون سازی ملک کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت چلتی رہنی چاہئے احتساب یہاں نہیں رکنا چاہیے بلکہ ملک بھر میں بالخصوص سندھ میں عوام کے مسائل اور کرپشن پر توجہ کی ضرورت ہے ۔ کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ میں اربوں کے فنڈز کے باوجود ان شہروں کے تباہ حالی اور تھر کے مرتے ہوئے بچوں کی تعداد خود حکمرانوں کی نا احلی اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔سید مصطفی کمال نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کی قومی خدمات کو سراہااور خراج تحسین پیش کیا ۔