بلاول بھٹو اور شہباز شریف کا ٹیلفونک رابطہ، مہنگائی سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

 
0
82

اسلام آباد 05 نومبر 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اورپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں مہنگائی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماوں کے ٹیلی فونک رابطے میں ملکی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پربھی گفتگو کی گئی، دونوں رہنماوں میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریلیف کا لالی پاپ دے کر عمران خان نے عوام کو تکلیف میں مبتلا کردیا ہے۔

سلیکٹڈ حکومت کا ہر گزرتا دن عوام کے مسائل میں اضافہ کررہا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

دوسری طرف مہنگائی کے خلاف بکھری اپوزیشن بھی ایک ہونے کو تیار ہے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے بیک ڈور رابطے کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں رابطہ ہوا، مہنگائی کے خلاف مظاہروں میں پیپلزپارٹی اور اے این بی بھی شرکت کے لیے تیارہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ جلد پی ڈی ایم کے رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے ، پیپلزپارٹی اور اے این پی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر بھی بات چیت ہو گی۔