ملازمین کے مفاد کے خلاف کام کرنے والے ایک بار پھر اکٹھے ہو چکے ہیں۔ چوہدری محمد یٰسین

 
0
354

زاہد کمال، آصف کمال اورسینی ٹیشن سے مشتاق اپنے ساتھیوں سمیت مزدور یونین میں شامل۔
اسلام آباد 19 مارچ 2021 (ٹی این ایس): سی ڈی اے لیبارٹری سے زاہد کمال،روڈ مینٹی نینس سے آصف کمال اور سی ڈی اے لیبر یونین سی بی اے کمیٹی سینی ٹیشن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مشتاق نے اپنے ساتھیوں سمیت مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا،مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے نئے شامل ہونے والے تمام ملازمین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مزدور یونین آپ کا گھر ہے اور اس گھر میں آپکو ہر طرح کا عزت و مقام دیا جائے گا،آپ مزدور یونین کی ٹیم کاحصہ بن کر ملازمین کی فلاح و بہبود میں اپنا اہم کردار اداکریں،مزدور یونین نے اپنی ٹیم میں نوجوانوں کو شامل کر کے انھیں ادارے و ملازمین کی بہتر خدمت کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں اور خواتین کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ اس لیے بنایا ہے کہ وہ ادارے میں کام کرنے والی دیگر خواتین کے مسائل کو ازخود حل کر سکیں،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ نوسربازوں کا ٹولہ آج پھر بھیس بدل کر اور نئے روپ دھار کر اکٹھا ہو چکا ہے یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے گزشتہ تین سال سی بی اے کے نام پر ملازمین کو ڈبل بیسک،پلاٹوں کی الاٹمنٹ،انکے بچوں کی بھرتی اور مراعات میں اضافے کے سبز باغ دکھا ئے لیکن سی بی اے کے دفتر کو دوکان بنا کر رکھ دیا اور ان کا ہر عہدیدارسارادن دیہاڑیاں لگانے کے چکر میں وقت گزارتا اور محنت کشوں کا چندہ یہ لوگ آپس میں تقسیم کر لیتے،آج جب انکو اپنے انجام کا بخوبی پتہ ہے تو یہ ہتھیار ڈال کر اور روپ بدل کر ایک با پھر اقتدار کے خواہشمند ہیں لیکن سی ڈی اے ملازمین جانتے ہیں کہ ان لوگوں نے انتظامیہ کے ٹاؤٹ بن کر تین سال تک ملازمین کا استحصال،انکے بچوں کا معاشی قتل اور ادارے کے مفاد کے خلاف کام کیا،ادارے میں جلد ریفرنڈم کا آغاز ہو گا اور سی ڈی اے کا باشعور محنت کش اپنے ووٹ کی پرچی کی طاقت سے اس مزدوردشمن ٹولے اورانکے اتحادیوں کا مکمل احتساب کرے گا۔