مزدور یونین کے دروازے ہر محنت کش کے لیے بلاتفرق کھلے ہیں، چوہدری محمد یٰسین

 
0
206

ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور انکے بچوں کی بھرتی ہماری اولین ترجیح ہے، علی اصغر مانی بٹ
سی ڈی اے چیئرمین کمپلیکس میں مزدور یونین کے مشاورتی اجلاس سے مرکزی عہدیداران کا خطاب۔

اسلام آباد 11 نومبر 2021 (ٹی این ایس): سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) چوہدری محمد یٰسین گروپ کے مرکزی عہدیداران،رابطہ کمیٹی کے ممبران،ڈائریکٹوریٹس کمیٹی کے نمائندگان،اراکین سوشل میڈیا اور کارکنوں سمیت سینکڑوں ملازمین نے مزدور یونین کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی،اجلاس سے پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علی اصغر مانی بٹ،سید امیر حسین شاہ کاظمی،لالہ عزت خان،ارشد اعوان،حاجی مشتاق احمد شاہد،احمد علی شیرازی،شفیع اللہ خان،عرفان خان،کامران شاہ،ملک یاسر،سید ظفر شاہ سمیت دیگر عہدیداران نے خطاب کیا،اجلاس میں سی ڈی اے ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ،ملازمین کے بچوں کی بھرتی،ہاؤس بلڈنگ موٹرسائیکل ایڈوانس،ملازمین کی پروموشن،ڈیلی ویجز /کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سمیت دیگر اہم معاملات پر کارکنوں سے مشاورت کی گئی اور آئند ہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی،مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے کے محنت کش نے اپنے مسائل کے فوری حل اوردرپیش مشکلات کے فوری خاتمے کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدور یونین کو اپنے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں لایا اور ملازمین کے درینہ مسائل جن میں خصوصاً پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور انکے بچوں کی بھرتی نہایت اہمیت کی حامل ہے مزدور یونین ملازمین کے تمام مسائل کو فوری طور پر ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کا عزم رکھتی ہے،چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران کو مزدور یونین اس حوالے سے ملاقات کے دوران مکمل طور پر اپنے موقف سے آگاہ کرچکی ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ مزدور یونین سے ہونے والے معاہدوں کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے ملازمین کے مسائل کو ہر ممکن طریقے سے حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہم نے چیئرمین سی ڈی اے اور انتظامیہ کو یہ باورکرایا ہے کہ مزدور یونین نے ہمیشہ مذاکرات اور گفت و شنید کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی کوشش کی اور اس ادارے کی ترقی اور ملازمین کے بہتر مستقبل کی خاطر ہم انتظامیہ کے شانہ بشانہ چلنے کو تیار ہیں،انھوں نے کہا کہ جمہوری روایت کو مضبوط بنانے کی خاطر ہمارایقین اداروں کی مضبوطی پر ہے لیکن ہمیشہ سی ڈی اے کے محنت کش کے مفادات کے خلاف اٹھنے والے کسی بھی اقدام کی مزدور یونین نے ڈٹ کر مخالفت کی اور ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ادارے اور ملازمین کی تقسیم کے خلاف سڑکوں سے عدالتوں تک مزدور یونین نے محنت کش کا تحفظ کیا جس کے نتیجے میں عدالتیں یہ فیصلہ دے چکی ہیں کہ سی ڈی اے کے محنت کش کو اسکی مرضی کے خلا ف کسی بھی دوسرے ادارے میں ٹرانسفر یا منتقل نہیں کیا جا سکتا،ریفرنڈم میں سی ڈی اے کے ہر محنت کش نے اپنے ضمیر اور اپنی سیاسی سوچ کے مطابق اپنے ووٹ کا استعمال کیا لیکن سی ڈی اے مزدور یونین کے دروازے ہر محنت کش کے لیے بلاتفریق کھلے ہیں اور کسی بھی کارکن کو مزدور یونین کی قیادت تک پہنچنے کے لیے کسی اجازت اورسفارش کی ضرورت نہیں،میرے دفتر اور گھر کے دروازے تمام محنت کشوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں،شکست خوردہ عناصر اپنی بدترین شکست کے باوجود سی ڈی اے کے محنت کش کو مایوسی کے اندھیرے میں دھکیلنا چاہتے ہیں لیکن اس مستردٹولے کو ہمیشہ کی طرح اپنے منہ کی کھانا پڑے گی۔