حضرت علیؑ کی مثالی زندگی نصرت حق وعدالت کا نمونہ ہے;خطیب اہلبیت علامہ سید محسن علی وارث کامجلس عزا بسلسلہ برسی زوجہ ڈاکٹر مبارک علی سے خطاب

 
0
228

راولپنڈی 12 نومبر 2021 (ٹی این ایس): خطیب اہلبیت علامہ سید محسن علی وارث نے کہاہےکہ حضرت علیؑ کی مثالی زندگی نصرت حق وعدالت کاایسا نمونہ ہے جس کے تصور کے بغیر تاریخ اسلام کا ہر باب نامکمل ہوکر رہ جاتا ہے۔ بات شب ہجرت میں دشمنوں کی تلواروں کے سائے میں بستر رسول خدا ؐ پر سوکر حیات پیغمبرؐ کو تحفظ دیا ہو یا اسلامی معرکوں میں جنگ بدر ، جنگ احد ، جنگ خندق، جنگ خیبر، جنگ حنین، یا جنگ صفین کا ذکر ہو ،تاریخ اسلام کے ان دفاعی معرکوں میں فتح وکامیابی کا تصور علی مرتضیٰؑ کی شجاعت کے بغیر ناممکن نظر آتا ہے۔

یہی سبب ہے کہ فتح خندق میں کامیابی کے بعد پیغمبرخدا حضرت محمدؐ نے کہا تھا۔’’جنگ خندق میں علی کی ایک ضربت جن وانس کی عباد ت پر افضل ہے‘‘۔ انہوں نےکہاکہ امیر المومنین حضرت علی ؑ کواپنی دیگر فضیلتوں کے ساتھ یہ امتیاز بھی حاصل ہے کہ آپ کی ولادت خانۂ کعبہ میں اور شہادت بھی خدا کے گھر مسجد کوفہ میں نصیب ہوئی۔

تاریخ اسلام میں ایسی فضیلت کسی فرد بشر کو حاصل نہ ہوسکی۔ علی ؑابن ابی طالب کی مثالی شخصیت جنھوں نے پیغمبر اسلامؐ کی دعوت پر کمسنوں میں سب سے پہلے لبیک کہا تھا اوررسول خدا کے اس مشن میں ہمیشہ آپ کی نصرت کی کسی بھی طرح محتاج تعارف نہیں۔ مجلس عزا برائے ایصال ثواب بسلسلہ برسی زوجہ محترمہ ڈاکٹر مبارک علی مرحوم ۔والدین ڈاکٹر منارک علی ۔شہید مظہر علی مبارک سے خطاب کرتے ھویے خطیب اہلبیت علامہ سید محسن علی وارث نےکہاکہ ین اسلام کی آبیاری اور حق وعدالت کے نفاذ کی راہ میں امیر المومنینؑ نے اپنی حکمت و دانش، عدالت پسندی،نصرت حق انسانی اقدار ومساوات، مدبرانہ شجاعت، تسلیم صبر ورضا کے ساتھ غیر معمولی ایثار وفدا کاری کے جو عملی نمونے پیش کئے اس سے زمانہ کے حق پسندافراد متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔یہی سبب ہے کہ ہرزمانے کے حق بین مورخین نے تاریخ انسانیت کے اس یکتائے زمانہ علیؑ کو اپنا خراج عقیدت پیش کیا

حضرت علیؑ کی ولادت ہجرت نبوی سے 23 سال قبل یعنی 30 عام الفیل مطابق 600 عیسوی 13 رجب یوم جمعہ خانۂ کعبہ میں ہوئی۔ آپ کے والد حضرت ابوطالب بن عبدالمطلب اور والدہ فاطمہ بنت اسد تھیں۔ والدہ نے آپؑ کا نام حیدر و اسد اور والد نے اپنے جد اعلیٰ قصی کے نام پر زید رکھا جبکہ سرورکائناتؐ نے علی رکھا۔ دامادِ رسولؐ، فاتح خبیر، حامل ذوالفقار، امیرالمومنین حضرت علی المرتضیٰ کے فضائل ومناقب محاسن ومحامد بے شمارہیں اورکیوں نہ ہوں جبکہ فضائل وکمالات برکات وحسنات کا مخزن ومعدن آپ ہی کا گھرانہ ہے۔