پاکستان اور پالائو کے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط

 
0
107

اسلام آباد 23 نومبر 2021 (ٹی این ایس): پاکستان اور بحرالکاہل میں واقع ملک پالائو نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں اور متعد دشعبوں میں باہمی مفاد میں تعاون پر زور دیا ہے۔

اس سلسلے میں نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں تقریب منعقد ہوئی جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور پالائو کی سفیر الانا سعید نے معاہدے پر دستخط کیے۔ دونوں سفیروں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سفارتی تعلقات کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور تعلیم سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان موجودہ والہانہ اور خوشگوار تعلقات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور تعاون کے موجودہ شعبوں کو متنوع بنا کر ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک کے سفیروں نےمشترکہ طور پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کو پاکستان اور پلائو کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام بارے آگاہ کیا۔ پاکستان اور پالائو ایشیا پیسفک گروپ کے بھی ارکان ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مشترکہ طور پر کام کرنے میں مدد ملے گی جس کا مقصد عالمی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔