ٹیکسٹائل کی برآمدات میں چار ماہ کے دوران 26.55 فیصد اضافہ ہوا ، ادارہ برائے شماریات

 
0
80

اسلام آباد 23 نومبر 2021 (ٹی این ایس): جاری مالی سال میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 26.55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2021 میں برآمدات کی مالیت 6021.815 ملین ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2020 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 4758.473 ملین ڈالرز زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 1263.342 ملین ڈالر یعنی 27 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بی پی ایس کے مطابق رواں مالی سال میں سوتی دھاگہ کی برآمدات 71.39 فیصد اضافہ سے 230.329 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 394.765 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔

اسی طرح سوتی کپڑا کی برآمدات میں بھی 18.54 فیصد، نیٹ ویئر کی برآمدات میں 34.45 فیصد ، بیڈ ویئرز کی برآمدات میں 21.30 فیصد اور تولیہ کی برآمدات میں 14.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات بھی 22.34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب خام روئی کی برآمدات میں 100 فیصد کمی ، خیموں اور ترپالوں کی برآمدات میں 23.98 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔