پانامہ فیصلے پر پی ٹی آئی کا جشن جاری ،آ ج یوم تشکر منایا جائے گا،(ن ) لیگ کے بھی قیادت کے حق میں مظاہرے

 
0
371

لاہور/راولپنڈی/ملتان جولائی 29(ٹی این ایس ) پانامہ فیصلے پر پی ٹی آئی کی طرف سے دوسرے روز بھی بھرپورجشن منایا گیا جبکہ آج ( اتوار) کو یوم تشکر منایا جائے گا ،(ن) لیگ کے کارکنوں نے بھی قیادت سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی قیادت کے حق میں اور پی ٹی آئی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ اور ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت چیمہ کی طرف حلقہ این اے 124کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب میں سینکڑو ں مرد و خواتین کارکنوں نے شرکت کی جو انتہائی پرجوش انداز میں اپنی قیادت کے حق میں اور کرپشن کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔تقریب میں میاں افتخار،حاجی صادق،چوہدری عبید الرحمن،چوہدری آصف اور محمد اصغربٹ سمیت حلقے کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر عدالتی فیصلے کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور عمران خان کی درازی عمر اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پانامہ لیکس پر عدالتی فیصلے سے قوم میں امید کی کرن پیدا ہو گئی ہے کہ ملک کا مستقبل روشن ہے ، اس فیصلے نے کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا ہے ۔ حکمران جب آئندہ عام انتخابات میں عوام سے ووٹ مانگنے جائیں گے تو پانامہ کا طوق ان کے گلے میں ہوگا اور عوام انہیں وووٹ دینے کی بجائے ان سے لوٹ مار کا حساب مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی اب صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے سفر شروع کیا جائے گا ۔ مسرت چیمہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم جے آئی ٹی کے ممبران کو دباؤ کے باوجود شفاف تحقیقات اور عدالت عظمیٰ کے ججز کو حق اور سچ پر مبنی فیصلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوامی جے آئی ٹی اور عدالت سے بھی اس طرح کا فیصلہ آئے گا اور کرپشن کی بنیاد وں پر قائم (ن) لیگ کی سیاست کا ہمیشہ کیلئے دھڑن تختہ ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما اعجاز چوہدری کی طرف سے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کی گئی اور بعد ازاں عدالتی فیصلے کی خوشی میں جشن منایا گیا ۔ اس موقع پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جبکہ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے ۔تحریک انصاف آزاد کشمیر پبلک سیکرٹریٹ میں سپریم کورٹ کے تاریخ ساز فیصلے کی خوشی میں جشن منا یا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنا ن نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر و سابقہ وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور پوری قوم سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر ججز کو سلام پیش کرتی ہے ،فیصلے کے بعد سے ملک میں ایک خو شی کہ لہر پھیل گئی ہے ۔اس فیصلے سے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ہو گی ۔پانامہ فیصلے کی خوشی میں پی ٹی آئی کے تمام دفاتر میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔ علاو ہ ازیں پی ٹی آئی پانامہ فیصلہ حق میں آنے کی خوشی میں آج اتوار کو یوم تشکر منائے گی۔ اس سلسلہ میں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے رہنما اور کارکن شرکت کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) سے وابستگی رکھنے والے سینکڑوں بلدیاتی نمائندوں نے میٹرو پولٹین کارپوریشن کے اجلاس کے بعد استنبول چوک تک ریلی نکالی اور میاں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا ۔ بلدیاتی نمائندوں نے ہاتھوں میں نواز شریف کی تصاویر والے پلے کارڈز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے ۔ مظاہرے کے باعث استنبول چوک او ر ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام گھنٹوں جام رہا۔ لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ نواز شریف کروڑوں عوام کے دلوں میں بستے ہیں ۔پاکستان مسلم لیگ(ن)ینگ ورکرزکلچرل لاہور کی صدراور صدرسلومی رانا اور مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سینئر نائب صدر صفیہ اسحاق کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ریلی میں مسلم لیگ(ن)کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جنہوں نے نواز شریف کی تصاویر والے پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلومی رانا اورصفیہ اسحاق نے کہا کہ نواز شریف پہلے سے بھی زیادہ طاقتور بن کر ابھریں گے۔نواز شریف کو سی پیک منصوبے کی سزا دی گئی۔ (ن) لیگ کے کارکنوں نے گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی مظاہرے کر کے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیا ۔ (ن ) لیگ کے مظاہروں کی وجہ سے ٹریفک کے نظام میں خلل آیا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات درپیش رہیں۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو ترقی ہضم نہیں ہوئی ۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام کی عدالت کا فیصلہ سامنے آئے گا تو سب کی آنکھیں کھلی رہ جائیں گی ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) خواتین ونگ کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشیر مسز تنویر چوہدری کی قیادت میں آج اتوار کو سہ پہر3:00بجے لاہور پریس کلب کے سامنے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی نکا لی جائے گی ۔