گوادر کو حق دو تحریک کے مطالبات منظور، مظاہرین کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان

 
0
206

گوادر 16 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور ’حق دو تحریک‘ کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو حق دو تحریک کے دھرنے میں پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی،سید احسان شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی اور حق دو تحریک کے رہنماؤں کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوئے جن میں مظاہرین کے مطالبات پر غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان اور دھرنا قیادت میں مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ’حق دو تحریک‘ کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے مطالبات پورے کرنیکی یقین دہانی کرائی ہے۔

قبل ازیں گوادر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر گوادر آئے ہیں، احتجاجی مظاہرین کے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، امید ہے آج یا کل گوادر میں دھرنا ختم ہوجائے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر وافر مقدار میں بجلی موجود ہے ، 2023 تک گوادر میں نیشنل گرڈ سے بجلی ملنا شروع ہوجائیگی ، گرمیوں تک 100میگاواٹ گوادرکومل جائیں گے، ڈیمانڈ بڑھنے پر گوادر کو مزید بجلی فراہم کی جائیگی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچنا ضروری ہیں، وفاقی حکومت تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ گوادر کے عوام کے لیے جاری وفاقی منصوبوں کا جائزہ لیا ہے، اولڈ سٹی گوادر کو مئی میں پانی کی ترسیل شروع ہوگی ، گرمیوں میں اولڈ سٹی گوادر میں پانی کے نظام میں بہتری نظر آئے گی، گوادر میں پانی کے لیے 2ڈیم مکمل کئے جاچکے ہیں۔