وزیراعظم کے متفقہ امیدوار کیلئے چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی کی خورشید شاہ، سراج الحق اور شیخ رشید سے گفتگو

 
0
363

لاہور جولائی 30(ٹی این ایس ) ملک کی موجودہ صورتحال میں وزیراعظم کیلئے اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار کی نامزدگی کیلئے پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کے مختلف سیاسی قائدین سے رابطے ہوئے ہیں جن میں اپوزیشن کا متفقہ امیدوار سامنے لانے پر اصولی اتفاق رائے ہو گیا ہے اور اس سلسلہ میں کل اسلام آباد میں اہم اجلاس بھی منعقد ہو رہا ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد سے ٹیلیفون پر گفتگو میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امر پر اتفاق رائے کیا گیا کہ ن لیگی امیدوار کے مقابلہ میں وزارتِ عظمیٰ کیلئے اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار کی نامزدگی ضروری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے قائدین کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ داخلی و خارجی صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کی صفوں میں اتفاق و اتحاد کی فضا ضروری ہے تاکہ ملک کے اندر اور باہر یہ پیغام پہنچے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اور عوام پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ایک پیج پر ہیں۔