سی ڈی اے کی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف متعدد کارروائیاں، تجاوزات کنندگان کا 1 ٹرک سامان ضبط۔

 
0
298

اسلام آباد 22 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے بدھ کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں جسمیں تجاوزات کنندگان کا 1 ٹرک سامان ضبط جبکہ متعدد غیر قانونی تعمیرات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں

تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے گھروں کے باہر قائم تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں سیکٹر G-7/4 میں 33 گھروں کے باہر سرکاری اراضی پر بنائے گئے 18 فینسز، 2 فائبر فینسز، 1 دیوار، 4 گیراج، 2 پلرز اور 6 داخلی دروازے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردئیے۔

اسی طرح بہارہ کہو روڈ کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی بھر پور کارروائیاں کی گئیں جسکے دوران روڈ کے اطراف سے تجاوزات ہٹاتے ہوئے تجاوزات کنندگان کا 1 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے