اقوام متحدہ نے فلپائن میں طوفان سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 106.5ملین ڈالر جمع کرنے کی مہم شروع کر دی

 
0
181

اسلام آباد 24 دسمبر 2021 (ٹی ای ایس): اقوام متحدہ نے فلپائن میں رائے نامی طوفان سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 106.5ملین ڈالر جمع کرنے کی اپیل کے سلسلے میں مہم شروع کر دی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر گوستاوو گونزالیز نے گزشتہ روز ورچوئل کانفرنس میں کہا کہ ہم فلپائن میں بین الاقوامی برادری کی نمائندگی سے مقامی سطح پر انسانی ضروریات اور متاثرین کے لیے امداد جمع کرنے کے لیے مہم شروع کر رہے ہیں

جس میں 106.5ملین ڈالر کی اپیل کی گئی ہے اور اس امداد سے انتہائی متاثرہ علاقوں میں 5لاکھ 30ہزار افراد کی مدد کی جائے گی جنہیں صحت کی سہولیات، پینے کے پانی تک رسائی اور صفائی کی سہولیات کی اشد ضرورت ہے لہذا یکجہتی اور تیزی سے ٹھوس اقدامات سے فلپائن میں طوفان سے متاثرہ افراد کی مکمل حمایت کے عزم کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ فلپائن کے متعدد حصوں میں ایک ہفتہ قبل رائی طوفان سے 375افراد ہلاک اور بڑے پیمانے پر گھر تباہ ہوگئے جبکہ ملک کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔