سی ڈی اے سنیئر سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں مارگلہ کنسٹریکشن تنازع کیس کی سماعت

 
0
157

اسلام آباد 31 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد ، سی ڈی اے کی سنیئر سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے مارگلہ کنسٹریکشن تنازع کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے عامر عباس کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا ، سی ڈی اے کے ڈائریکٹر روڈ نارتھ کو بھی 5جنوری کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سنیئر سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ادارہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے ) اور سی ڈی اے کے درمیان مارگلہ کنسٹریکشن پر تنازع کیس کی سماعت ہوئی ، سی ڈی اے کی جانب سے ڈائریکٹر اربن پلاننگ اور ای پی اے کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد رمضان پیش ہوئے ۔ عدالت کی طرف سے لیگل اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی اے سے استفسار کیا گیا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر عامر عباس کیوں پیش نہیں ہوئے جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر کو کوئی ایمرجنسی کام پڑ گیا تھا ، جس پر وہ کل شام کو چھٹی پر چلے گئے ، جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیا عدالت میں پیش ہونا ضروری نہیں تھا ، تین دن پہلے نوٹس دیا تھا ، اور عین پیشی پر انہیں ضروری کام پڑ گیا ، کیوں نہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے ۔جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی اے نے عدالت سے درخواست کی کہ اگلی پیشی پر ڈپٹی ڈائریکٹر پیش ہو جائیں گے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی اے کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ ای پی اے کو اختیار حاصل ہے کہ ماحولیات کے حوالے سے کوئی خلاف ورزی ہو رہی ہو تو اسے کیخلاف کارروائی کی جائے ، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت معزز عدالت کو کیس کی سماعت کا اختیار نہیں ہے ۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی یہ شکایت کرے کہ سی ڈی اے آرڈیننس کی کوئی فرد یا ایجنسی خلاف ورزی کر رہی ہے تو پھر سماعت کا اختیار عدالت کو ہو گا یا نہیں ؟ جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ عدالت جو مناسب سمجھتی ہے وہ کر سکتی ہے ، ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ ڈائریکٹر اربن پلاننگ سی ڈی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نے جو ریکارڈ ہم سے مانگا ہے وہ ڈائریکٹر روڈ نارتھ کے پاس ہے ، اگلی پیشی پر انہیں ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی جائے جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ڈائریکٹر روڈ نارتھ کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے عامر عباس کو بھی آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا گیا ۔