ریحام خان کے زیرِاستعمال گاڑی چھیننے کی کوشش، مقدمہ درج

 
0
184

اسلام آباد 03 جنوری 2022 (ٹی این ایس): اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کے سیکریٹری بلال عظمت کی تحریری درخواست پر گاڑی چھیننے کا مقدمہ درج کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح اسلام آباد کے شمس کالونی تھانے میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق مدعی بلال عظمت نے بتایا کہ وہ ریحام خان کے پرسنل سیکرٹری ہیں اور اتوار کی شب ساڑھے بارہ بجے کے لگ بھگ ان کی سفید پراڈو گاڑی کو دو اسلحہ بردار موٹر سائیکل سواروں نے روکنے کی کوشش کی۔ریحام خان کے پرسنل سیکرٹری اور مدعی مقدمہ بلال عظمت کے مطابق جس گاڑی کو روکنے کی کوشش کی وہ گزشتہ روز تمام وقت ریحام خان کے استعمال میں رہی،گاڑی کو روکنے اور حراساں کرنے کی کوشش کے ذریعے ریحام خان کو ڈرانے کی کوشش کی گئی ہے،،پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے پولیس حکام کے مطابق واقعہ کے دوران ریحام خان گاڑی میں موجود نہیں تھیں،ڈرائیور اور پرسنل سیکرٹری انھیں اسلام آباد چھوڑ کر راولپنڈی جا رہے تھے اس دوران کچہ سٹاپ کے قریب واقعہ پیش آیا،ایف آئی آر کے مطابق واقعہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان آئی جے پرنسپل روڈ پر پیش آیا اور موٹر سائیکل سوار افراد ان کا تعاقب کرتے ہوئے دو مرتبہ روکنے کے لیے بڑھے اور ان کو گاڑی سے اتارنے کی کوشش کی۔مقدمے کے مدعی بلال عظمت کے مطابق مذکورہ گاڑی پورا دن ریحام خان کے استعمال میں رہی اور واقعہ سے کچھ دیر قبل ہی انہوں نے گاڑی تبدیل کی تھی۔ایف آئی آر میں لکھوایا گیا ہے کہ ملزمان کی عمریں 25 سے 30 برس کے درمیان تھیں۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مدعی کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور گمان یہی ہے کہ ان کو ڈرا کر ریحام خان کو پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے۔بلال عظمت کی درخواست پر درج کیے گئے مقدمے میں تحریر ہے کہ مجھے ڈرانے کا واحد مقصد ریحام خان کو ڈرانا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد وقوعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور علاقے میں پولیس کی ٹیم موجود ہے۔