سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ نے گزشتہ برس 964 آپریشنز میں 2650 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی

 
0
189

اسلام آباد 04 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے شعبہ انفورسمنٹ نے گزشتہ برس تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے سمیت بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے متعدد آپریشن کئے جس میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی اسی طرح جرمانے کی مد میں بھاری رقوم بھی وصول کی گئی جبکہ بعض مقامات پر مقامی افراد کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ برس 964 مختلف نوعیت کی چھوٹی بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 2650 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی۔ جسمیں 6717 غیر قانونی ڈھانچے، دکانیں، گھر، چار دیواریاں، ڈی پی سی، غیر قانونی مارکیٹس سمیت دیگر ایسی تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا جبکہ تجاوزات کنندگان کا 6620 قسم کی مختلف نوعیت کا سامان بھی ضبط کیا گیا۔

اسی طرح شعبہ انفورسمنٹ کی جانب سے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کرتے ہوئے 280 عمارتوں کو سیل بھی کیا گیا۔ جبکہ 9 لاکھ 72 ہزار روپے جرمانے کی مد میں وصول بھی کئے گئے۔ دریں اثناء تجاوزات کنندگان سے ضبط شدہ سامان کی نیلامی کی مد میں 17 لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے شعبہ انفورسمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی سی ڈی اے عملہ اسی جوش و جذبے سے کام کرتا رہے گا انکا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے

واضح رہے کہ گزشتہ کئی برس سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے