مریم اورنگزیب اور شہزاد اکبر کی ایک دوسرے پر الزمات کے بوچھاڑ

 
0
1287

اسلام آباد 04 جنوری 2022 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) اور حکومتی عہدیدار میں لفظی گولہ باری ایک مرتبہ پھر شروع ہوچکی ہے،ثبوت کے معاملے پر مریم اورنگزیب اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثبوت کے ٹرک اور صندوقوں سمیت عمران خان کی گمشدگی کا اشتہاردیا جائے ، روزانہ سماعت چاہنے والے 16 ماہ بعد بھی تحقیقاتی رپورٹ جمع نہیں کرا سکے۔

ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر کی گمشدگی کا بھی اشتہار شائع کیا جائے ،عمران صاحب اور شہزاد اکبر شہباز شریف کے خلاف آج بھی عدالت نہ پہنچ سکے، دونوں شہباز شریف کے خلاف ثبوتوں کا ٹرک لے کر لا پتہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ سماعت چاہنے والے 16 ماہ بعد بھی تحقیقاتی رپورٹ جمع نہیں کرا سکے ، شہباز شریف کے خلاف “ثبوت” سے بھرے ایف آئی اے ٹرک کے شاید ٹائر پنکچر ہوگئے ہیں ، ‎نہ عمران صاحب اور شہزاد اکبر آئے نہ ثبوتوں کے ٹرک اور صندوق آئے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بشیر میمن نے عمران صاحب کے منہ پر گواہی دی کہ شہباز شریف کے خلاف کیس نہیں بنتا، نیب کے 58 والیمز نے گواہی دی کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ہوئی جبکہ کک بیک، اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں ہوا، 12 ماہ شہباز شریف کو ناحق جیل میں قید کیا لیکن کرپشن نہ ملی ، عمران صاحب 100 سال بھی تفتیش کریں تو کرپشن نہیں ملے گی ۔

مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان ن لیگ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب صاحبہ اگر آپ عدالت کی کارروائی بارے جھوٹ بولنے سے فاغ ہو گئی ہیں تو ذرا دو الفاظ مریم نواز کی نئی آڈیو لیک بارے میں بھی ادا کر دیں۔