پیپلز پارٹی کی طرف سے سید خورشید شاہ، سید نوید قمر نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

 
0
289

 

اسلام آباد جولائی31(ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ پیر کو سیکریٹری قومی اسمبلی جواد رفیق ملک کے پاس دونوں رہنمائوں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ سید خورشید احمد شاہ کا نام اعجاز جاکھرانی نے تجویز کیا اور اس کی تائید نواب علی وسان نے کی جبکہ سید نوید قمر کا نام شاہدہ رحمانی نے تجویز کیا اور اس کی تائید مسرت رفیق مہیسر نے کی۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ جمہوری عمل میں حصہ لینا سب کا حق ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں باہر جو کچھ مرضی ہیں کریں اس کے اثرات ایوان کے اندر نہ آئیں۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ اپوزیشن کا وزارت عظمیٰ کے لئے متفقہ امیدوار ہو۔ (کل) منگل کو اپوزیشن جماعتیں پھر مل بیٹھیں گی، اس کے بعد کوئی فیصلہ سامنے آئے گا۔ عمران خان کی گزشتہ روز کی تقریر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کام آگ لگانا اور تیل چھڑکنا ہے۔ سیاست میں ایسی باتیں کریں گے تو اسی جماعت پر سونامی آ جائے گی۔