راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے ملک کیلئے اہم ہیں، وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس

 
0
108

اسلام آباد 20 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے ملک کیلئے اہم ہیں، منصوبوں کے اہداف معینہ مدت میں پورا نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے، پنجاب حکومت ان منصوبوں کے خلاف زیرالتوا مقدمات کی موثر پیروی کرے۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے ملک کے لیے اہم ہیں، حکومت کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبے لاہور میں تنگی اور آلودگی کو کم کر نے کے لیے ضروری ہیں، منصوبوں کے اہداف معینہ وقت پر پورا نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے تعمیرات کے تاریخ ساز منصوبے شروع کیے جن کی طرف پچھلے 20 سالوں میں کسی حکومت نے توجہ نہیں دی، پارکس، فضلے کا سدباب، صاف توانائی اور بین الاقوامی معیار ان منصوبوں کو ماحول دوست بنائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت ان منصوبوں کے خلاف زیرالتوا مقدمات کی موثر پیروی کرے۔